ویب ڈیسک: فلسطین کے سفیر احمد جواد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔ جس میں وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے فلسطین کے صدر ڈاکٹر محمود عباس کے تہنیتی پیغام پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فلسطین کی برادر ریاست کے ساتھ تاریخی اور قریبی رشتہ ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ فلسطین کی مسلسل حمایت کی ہے۔
وزیراعظم نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی۔ وزیر اعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف چھیڑی جانے والی نسل کشی کی جنگ کو فوری بند کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ وزیر اعظم نے اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں سے 32 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دائر کیس میں عالمی عدالت انصاف کے عبوری فیصلے پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی آئی سی جے میں فلسطین کی حمایت کی تھی۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیرمقدم کیا گیا۔ اسرائیل نے قرارداد کو نظر انداز کیا اور ڈھٹائی سے اس کی خلاف ورزی جاری رکھی۔
وزیراعظم نے فلسطینی سفیر کو مکمل تعاون اور یکجہتی کی یقین دہانی بھی کروائی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ پاکستان اب تک غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی سات اقساط بھیج چکا ہے۔ امداد کی ایک قسط عید کے فوراً بعد بھجوانے کا بھی منصوبہ ہے۔
فلسطینی سفیر نے فلسطینی عوام کی حمایت پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔