ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جارہا ہے اور بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے صدرمملکت ،وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے پیغام جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرأت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے شہداء نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے، پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان ملک کے مختلف حصوں میں سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میں پوری قوم کی جانب سے پولیس شہداء کو خدمات اور قربانیوں پر سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے جنہوں نے جرائم کی سرکوبی کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا، شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے، وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے دور میں شہدائے پولیس کے خاندانوں کے لئے ایک بڑا اور تاریخی پیکیج دیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم شہدائے پولیس پر تمام شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا اور اپنے انہوں نے کہا کہ 4 اگست کبھی نہیں بھول سکتے یہ دن شہداء کی یاد دلاتا ہے، یوم شہدا بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ قوم سرخرو ہوتی ہے جو شہداء کی تکریم کرتی ہے، شہداء کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، حکومت پنجاب ہر لمحہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کچے کے علاقے سمیت ہر علاقے میں پولیس فورس قابل قدر فرائض سر انجام دے رہی ہے، پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئر کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ہر شہید کے خاندان کی دیکھ بھال اور خدمت کا فریضہ پوری طرح نبھائیں گے، شہداء پر فخر ہے، قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، پولیس شہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر جرائم کی سرکوبی کی، قیام امن کے لئے تمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے تاریخ رقم کی ہے، شہید ایس ایس پی اشرف مارتھ، شہید کیپٹن مبین اور تمام پولیس شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس شہدا کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، آج کے دن شہدا کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم ہر لمحہ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا پولیس کے اہل خانہ کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ قوم ہمیشہ سرخرو ہوتی ہے جو اپنے شہداء کی تکریم کرتی ہے، شہداء کی تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری
یومِ شہداء پولیس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے پولیس شہداء کو خراج عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور شہریوں کی حفاظت کے لئے پولیس شہداء کی قربانیاں بے مثال ہیں، پولیس شہداء کی غیر متزلزل لگن اور بے لوث خدمات ان کے عزم کی آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف بھی جوانمردی سے جنگ لڑی ہے، شہداء پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء نے قربانیاں دے کر عوام کی حفاظت اور انصاف و دیانتداری کی اقدار کی پاسداری کی۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی پولیس فورس کی کاوشوں اور جراَت کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، ہماری پولیس کے جوان قابلِ احترام جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، پیپلز پارٹی پولیس کو ان کی بے پناہ قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فلاح و بہبود اور حمایت کا عزم رکھتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آئیے! آج ہم اپنے پولیس شہداء کی یاد کو سلام پیش کریں اور سب کیلئے ایک محفوظ اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر کے عزم کی تجدید کریں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف
یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیگام میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ یوم شہدا پولیس کے موقع پر جوانوں اور افسران کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، شہدا کے اہلخانہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، صوبائی حکومت پولیس شہداءکے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کا شمار بہترین فورسز میں ہوتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس جانفشانی اوردلیری سے مقابلہ کررہے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ امن اور عوام کی حفاظت کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی نئی لہر کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس سینہ سپر ہے، پولیس کے شیر جوان دلیری اور بہادری سے اپنے خون سے تاریخ میں اپنا نام درج کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ بہادر سپوتوں کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے.