کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ ٹریڈنگ کا آغاز زبردست تیزی سے ہوا اور انڈیکس 62 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ حد سے تجاوز کر گیا۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 801 پوائنٹس کا زبردست اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 62 ہزار 493 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ لین دین کے دوران انڈیکس 62 ہزار 912 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بھی ٹریڈ ہوا۔ مجموعی طور پر 390 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 249 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی جبکہ 122 میں مندی ہوئی۔ مارکیٹ سرمائے میں 1 کھرب 20 ارب 33 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا، مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا حجم 90 کھرب روپے کی بلند ترین سطح پر تجاوز کر گیا۔ متحدہ عرب امارات سے جلد بڑی سرمایہ کاری کی اطلاعات پر مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔