پی پی 32 گجرات:مبینہ دھاندلی کیخلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پی پی 32 گجرات:مبینہ دھاندلی کیخلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
کیپشن: پی پی 32 گجرات:مبینہ دھاندلی کیخلاف پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے پی پی 32 گجرات کے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل عامر سعید راں الیکشن کمیشن پیش ہوئے۔

دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے وکیل عامر سعید راں نے کہا کہ ریٹرننگ افسر کی رپورٹ کی کاپی موصول ہوگئی ہے، ضمنی انتخابات میں پرویزالہٰی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا گیا، کمیشن نے ایکشن لے کر پرویزالہٰی کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی ہدایات کیں۔

وکیل پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پی پی 32 کے ضمنی الیکشن میں پورے حلقے میں بدترین دھاندلی کی گئی، ضلعی انتظامیہ نے ووٹرز کو ہراساں کیا اور ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا، الیکشن کے دن ہمارے 70 سے زائد پولنگ ایجنٹس کو غائب کر دیا گیا، پولیس نے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو گرفتار کر کے غائب کیا۔

پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو غائب کر کے جعلی ووٹ کاسٹ کئے گئے، 5 پولنگ سٹیشنز پر ووٹر ٹرن آؤٹ 91 فیصد سے زائد رہا، مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم ووٹرز کے بھی ووٹ کاسٹ ہوئے ہیں۔

ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ اتھارٹی لیٹر ہوگا تو آپ کے پولنگ ایجنٹس کو تسلیم کریں گے، ہوا میں باتیں کرنے کے بجائے تحریری شواہد پیش کریں، کیا آپ نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ دوسرے فریق کو دیئے؟

پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں کمیشن ہے، ہم دوسرے فریق کو ریکارڈ دینے کے پابند نہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ اگر آپ دوسرے فریق کو ریکارڈ نہیں دے رہے تو ہم آپ کا ریکارڈ منظور ہی نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن آئین کے تحت قائم کیا گیا، اس کمیشن کے تمام اختیارات ہیں، پہلی مرتبہ کسی وکیل نے کہا کہ دستاویزات کی کاپی فراہم کرنے کا پابند نہیں۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ شواہد پیش کریں کیسے مرے ہوئے لوگوں کے ووٹ ڈالے گئے؟

پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن تحقیقات کرے کیسے مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم لوگوں کے ووٹ کاسٹ ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ماسک پہنے لوگوں نے پولنگ سٹیشنز پر قبضہ کر کے ٹھپے لگائے، کئی پولنگ سٹیشنز پر خواتین کے ووٹ ڈالنے کی شرح 10 فیصد سے کم ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ چاہتے ہیں اس بنیاد پر الیکشن کالعدم قرار دے دیں؟ اس طرح کریں تو پورے ملک کا الیکشن فارغ ہو جائے گا، آپ تحقیقات چاہتے ہیں یا حلقے کا الیکشن کالعدم قرار دینا چاہتے ہیں؟

وکیل پرویز الہٰی نے کہا کہ تحقیقات میں میرے الزامات ثابت ہوں تو الیکشن کمیشن پورے حلقے کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔

درخواست گزار کے مدمقابل امیدوار چودھری موسیٰ الہٰی کے وکیل نے کہا کہ پرویز الہٰی کے پولنگ ایجنٹس دوسرے شہروں سے بلائے گئے، صرف الزامات لگائے گئے کہ مرے ہوئے اور بیرون ملک مقیم لوگوں نے ووٹ ڈالے، جن حلقوں میں مرے لوگوں کے ووٹ ڈالنے کا الزام ہے وہاں پرویز الہٰی جیتے ہیں، الزامات کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن معاملہ ٹریبونل کو بھجوا دے۔

بعدازاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے پی پی 32 گجرات کے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

Watch Live Public News