خیبرپختونخوا:شدید بارشیں اور برفباری،مختلف حادثات میں 35افراد جاں بحق،متعدد زخمی

خیبرپختونخوا:شدید بارشیں اور برفباری،مختلف حادثات میں 35افراد جاں بحق،متعدد زخمی
کیپشن: ملک کےمختلف علاقوں میں بارش اور برفباری،سڑکیں بند، لوگ گھروں تک محصور

ویب ڈیسک:خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 35 ہوگئی جبکہ 43 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے گزشتہ پانچ دنوں کے دوران صوبہ بھرمیں جاری بارشوں سے حادثات کی رپورٹ جاری کردی۔ بارشوں کے باعث 346 گھر جزوی جبکہ 46 گھر کو مکمل تباہ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک مختلف حاداثات میں 35 افرادجاں بحق جبکہ 43 افرادزخمی ہوئے، بارشوں اور برف باری سے 76 مویشی ہلاک ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے چارسدہ ، دیر لوئر ، دیر بالا ، باجوڑ، خیبر نوشہرہ، پشاور کے متاثرین میں سامان تقسیم کیا گیا۔

دوسری جانب پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور

 وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور  نے جاںبحق افرادکے ورثاء اور ذخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی ہدایت جبکہ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ریلیف مہیا کرنے کی  بھی ہدایت کردی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر بارشوں ،لینڈسلائیڈنگ سے متاثرہ افراد میں خوراک اور امدادی سامان تقسیم کر دیا گیا۔چارسدہ، دیرلوئر، دیراپر، ملاکنڈ،مہمند، بنوں، خیبر، باجوڑ، نوشہرہ، پشاور کے متاثرین میں سامان تقسیم کیا گیا۔امدادی سامان میں رضائیاں،ٹنٹس، خیمے، جری کینز،گیس سلنڈر، واٹر کولر،توشک، کمبل، کچن سیٹ، حفظان صحت کی کٹ،ڈیگنٹری کٹس،پلاسٹک میٹس، سنڈبیگز، ترپال سمیت دیگر سامان تقسیم کیا گیا۔

وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ بند راستوں کو کھولنے کے لیے فوری اقدامات کئے جائیں،متاثرہ افراد کو مشکل گھڑی میں تنہانہیں چھوڑیں گے،وزیراعلی نے تمام متعلقہ اداروں پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ ،ریسکیو1122 کو مکمل  الرٹ کی ہدایات جاری کردی جبکہ عوام کو بروقت ریلیف پہچانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش اسلام آباد سید پور میں 06 اور راولپنڈی شمس آباد میں 04 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

 خیبرپختونخوا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز مالم جبہ میں 114، تیمرہ گرہ میں 90، سیدو شریف میں 77 اور دیر میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مالم جبہ میں 17 انچ، کالام میں 10 انچ، چترال میں 9 انچ اور دیر میں 3 انچ برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کالام کا درجہ حرارت منفی 8، دیر اور چترال کا درجہ حرارت منفی 1 اور پاراچنار کا درجہ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ ہوا۔

دیر بالا
دیربالا کے شہری اور بالائی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی، عشیری درہ، کمراٹ اور دوگدرہ میں شدید برفباری ہوئی جبکہ لواری ٹنل میں 7 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

برفباری کی وجہ سے لنک سڑکیں بند اور مختلف علاقوں کی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو بند کردیا۔

ضلع کرم
ضلع کرم میں شدید سردی کا راج برقرار ہے، خون جما دینے والی سردی کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں تک محصور ہوگئے۔

سخت سردی کے باعث ڈپٹی کمشنر کرم نے اپر کرم اور سینٹرل کرم کے اسکولوں میں 3 دن تعطیل کا اعلان کردیا۔

ڈی سی کرم کے مطابق 4 سے 6 مارچ مارچ تک اپر کرم اور سینٹرل کرم کے تمام پرائیویٹ اور سرکاری اسکولز بند رہیں گے ۔

پاراچنار میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، ضلع میں آج کسی قسم کی بارش یا برفباری کا امکان نہیں۔

قلات
قلات شہر اور مضافات میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں سردی نے ہر شہ کی کلفی بنادی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بارش اور برف باری کے بعد خون جمادینے والی سردی نے انسانی زندگی کو شدید متاثر کردیا جبکہ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر کی بندش نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کردیا۔

مظفر آباد
آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد کی وادی لیپہ اور بالائی وادی نیلم کا دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ آج چوتھے روز بھی منقطع ہے۔

محکمہ شاہرات نے برفباری،لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے نتیجہ میں بند سڑکوں کی بحالی کا کام تیز کردیا۔

وادی لیپہ کے علاقہ مکینوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر میت کوکندھوں پر اٹھا کر کئی کلو میٹر کا سفر برف میں طے کیا، ریشیاں سے لیپہ تک برفانی تودے گرنے کے باوجود میت کو گندھوں پر اٹھا کر لیپہ پہنچایا گیا۔

وزیر حکومت دیوان علی خان چغتائی نے ریشیاں لیپہ سڑک کی فوری بحالی کے لیے محکمہ شاہرات کو ہدایات جاری کردیں۔

محکمہ شاہرات نے وادی نیلم میں سڑکوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور برف ہٹانے کا کام تیز کردیا۔ ترجمان محکمہ شاہرات کا کہنا ہے کہ نیلم شاہراہ اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام دن رات جاری ہے۔

Watch Live Public News