ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے بلوچستان اور سندھ میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے سردی کا سلسلہ برقرار رہے گا،آئندہ دو روز میں سردی کی شدت میں معمولی کمی کا امکان ہے، بارشوں کا نیا اسپیل کل بلوچستان میں داخل ہوگا۔6 اور 7 مارچ کو کوئٹہ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے مزید کہا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں بھی ایک بار پھر بارش متوقع ہے،گوادر میں 9 مارچ کو بارشوں کا نیا اسپیل داخل ہوگا،گوادر اور اطراف میں 9 اور 10 مارچ کو شدید بارشوں کا امکان ہے، بارشوں کا نیا اسپیل 10 مارچ کو سندھ میں داخل ہوگا۔کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں 10 اور 11 مارچ کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی شدید سردی کا راج برقرار ہے جبکہ ماہ مارچ میں سندھ کے بیشتر اضلاع میں پارہ 10 ڈگری سے بھی نیچے آگیا ہے اور آج سندھ میں سب سے کم درجہ حرارت مونجوداڑو میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا،سکرنڈ 5.5 , شہید بینظیر آباد جیکب آباد اور مٹھی میں پارہ 6 ڈگری رہا۔خیرپور 6.2 جبکہ ٹنڈوجام اور میرپورخاص میں 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ سکھر 7.8 , دادو 8.5 اور بدین میں پارہ 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔حیدرآباد 10 جبکہ ٹھٹھہ اور کراچی میں پارہ 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔کراچی میں 1979 کے بعد ماہ مارچ کی سرد ترین رات آج ریکارڈ ہوئی۔آخری بار 9 مارچ 1979 میں ماہ مارچ میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔