’عالمی برادری کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کرے‘

’عالمی برادری کشمیریوں سے کیے وعدے پورے کرے‘
اسلام آباد (پبلک نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے بین الاقوامی قانون اور اقدار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی۔ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی۔ یومِ استحصال 5 اگست 2021ء پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کی منفرد شناخت ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔5 اگست کے بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کا مقصد کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے حق سے محروم کرنا ہے۔ نسل پرست بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی قابض افواج اجتماعی سزا دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فورسز نے گزشتہ 24 ماہ سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی شدید اور سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔ فوجی محاصرےاور کشمیریوں کی بنیادی آزادیوں پر بے مثال پابندیاں عائد کی گئی۔ مزید کہا کہ آج تک کشمیر کی اعلی قیادت جھوٹے الزامات کے تحت جیلوں میں بند ہے۔ کشمیریوں کی ماورائے عدالت شہادتوں اور دانستہ گرفتاریوں اور حراست کا سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی کارروائیاں بھارت میں بڑھتے ہوئے ہندو فاش ازم کا مظہر ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی کارروائیوں کی بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بھی شدید مذمت کی گئی۔ عالمی برادری کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرے۔ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کیلئے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل ناگزیر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کو کشمیری عوام کو جبر سے دبانے کی مہم ختم کرنے اور 5 اگست 2019ء کے تمام اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے۔ ہم جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے اپنے حقیقی مقصد پر قائم ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔