حلقہ این اے 133 کی تاریخ

حلقہ این اے 133 کی تاریخ
لاہور ( پبلک نیوز) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ ذوالفقار علی بھٹو، پاکستان مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار، پاکستان عوامی تحریک کے ڈاکٹر طاہر القادری اور جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ کامیاب ہوتے رہے ہیں۔ موجودہ دور میں یہ حلقہ مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھا جاتا رہا ہے۔ 7 دسمبر 1970 کے انتخابات میں یہ حلقہ این ڈبلیو 60 کہلاتا تھا۔ یہاں سے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو 78 ہزار 132 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، ان کے مقابلے میں علامہ محمد اقبال کے بیٹے اور مسلم لیگ کنزرویٹیو کے ڈاکٹر جاوید اقبال 33 ہزار 921 ووٹ لے سکے۔ 7مارچ 1977 میں نئی حلقہ بندیوں کے تحت حلقہ این اے 84 میں پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر ایس ایم یعقوب 45 ہزار 822 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پاکستان مسلم لیگ قیوم گروپ کے ملک محمد قاسم 31 ہزار 886 ووٹ لے سکے۔ مارشل لا کے دوران 28 فروری 1985 کے غیر جماعتی انتخابات میں لیاقت بلوچ 26 ہزار 258 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔ بیگم افسر رضا قزلباش 16ہزار 388 ووٹ لے سکیں۔ 16 نومبر 1988 کے عام انتخابات میں یہ حلقہ این اے 97 کہلایا۔ پیپلزپارٹی کے خواجہ احمد طارق رحیم 56 ہزار 903 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ آئی جے آئی کے لیاقت بلوچ 55 ہزار 655 ووٹ لے سکے۔ 24 اکتوبر 1990 کو لیاقت بلوچ 68 ہزار 943 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، مقابلے میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے خواجہ احمد طارق رحیم 51 ہزار 58 ووٹ حاصل کرسکے۔ 6اکتوبر 1993 کو مسلم لیگ ن کے طارق بدر الدین بانڈے 64 ہزار 834 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔ پیپلزپارٹی کے جہانگیر بدر 53 ہزار 592 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ 3 فروری 1997 کے انتخابات میں اسحاق ڈار 61 ہزار 556 ووٹ لے کر ایوان زیریں پہنچے۔ پیپلزپارٹی کے پروفیسر اعجاز الحسن 16 ہزار 958 ووٹ لے سکے۔ 10 اکتوبر 2002 کو کے انتخابات میں یہ حلقہ این اے 127 بنا۔ عام انتخابات میں پاکستان عوامی تحریک کے ڈاکٹر طاہر القادری 24 ہزار 949 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی بنے۔ مسلم لیگ ق کے عبدالعیلم خان 20 ہزار 545 ووٹ حاصل کر پائے۔ 18 فروری 2008 سے اس نشت پر ن لیگ کی مسلسل فتح کا سلسلہ شروع ہوا، نصیر احمد بھٹہ 53 ہزار 602 ووٹ لے کر منتخب ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر محمد ریاض 21 ہزار 698 ووٹ لے سکے، 11 مئی 2013 کو ن لیگ کے وحید عالم خان ایک لاکھ 2 ہزار 136 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تو ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے نصر اللہ مغل صرف 45 ہزار 927 ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ 25جولائی 2018 کو نئی حلقہ بندیوں کے بعد یہ حلقہ این اے 133 کہلایا اور یہاں سے مسلم لیگ ن کے پرویز ملک 89 ہزار 699 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے تو ان کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے اعجاز احمد چوہدری 77 ہزار 293 ووٹ لے سکے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔