لاہور (پبلک نیوز) اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش کے باعث لاہور میں اسموگ کا خاتمہ، محکمہ موسمیات کی آئندہ 24 گھنٹوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی۔ اَبرِ رحمت برسنے سے فضائی آلودگی کی شرح میں مسلسل کمی آئی ہے جس سےشہر کا ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے ۔ لاہور شہر میں سب سے زیادہ بارش تین ملی میٹر پانی والا تالاب کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی۔ جیل روڈ پر 1.2 ملی میٹر، ایئر پورٹ پر 1.2 ملی میٹر، واسا ہیڈ آفس گلبرگ میں 1.4 ملی میٹر، لکشمی چوک میں دو ملی میٹر، مغل پورہ میں ایک ملی میٹر، نشتر ٹاون میں اعشاریہ پانچ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی کے نواحی گاؤں صاحب ڈنو خاصخیلی میں تیز برسات کے باعث گھر کی چھت گر گئی۔ نتیجے میں ملبے تلے دب جانے سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں شفیع محمد، ندیم، 3 سالا دعا، 1 سالا اقرار اور ایک خاتون سمیت 5 افراد شامل ہیں۔ اھل علائقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ٹیمیں متحرک ہیں۔ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عملہ الرٹ ہے۔ شہر کی بڑی شاہراہوں پر کھڑے پانی کو ہیوی مشینری کی مدد سے مسلسل نکالا جا رہا ہے۔