ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں پنجاب حکومت، ہوم سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنرز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب دفعہ 144 کا نفاذ سیاسی بنیادوں پر کیا گیا، ایک سیاسی جماعت کے پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے دفعہ 144 لگائی گئی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور پٹیشن کے حتمی فیصلے تک دفعہ 144 کا نفاذ معطل کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال پر صوبہ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا تھا۔
محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی، صوبہ بھر میں 3 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، پابندی کا اطلاق جمعہ 26 جولائی سے اتوار 28 جولائی تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔