پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار بلال قریشی نے انڈسٹری کی اداکاراؤں سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی تقریب میں جسم دکھانے والا لباس نہ پہننا کریں۔ اداکار بلال قریشی انڈسٹری کے حوالے سے اکثر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اداکار سے ان کے ایوارڈ شو میں اداکاراؤں کے لباس پر کیے جانے والے کمنٹ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ بلال قریشی نے ایوارڈ شو میں اداکارہ درفشاں سلیم کے لباس کو سراتے ہوئے سوشل میڈیا پر کمنٹ کیا تھا جو وائرل ہوا تھا۔ اپنے وائرل کمنٹ پر اداکار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرا یہ خیال ہے کہ اداکاراؤں کو جسم دکھانے والے لباس کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی مذہبی بحث میں نہیں جانا چاہتے لیکن ہمارا ایک کلچر ہے جس پر نہ صرف چلنا بلکہ اس کا احترام بھی کرنا چاہیے کیونکہ ہمارے معاشرے میں ایسے لباس کو نامناسب سمجھا جاتا ہے۔ بلال قریشی کا کہنا تھا کہ ایک خاتون مکمل لباس میں بہت خوبصورت لگتی ہے اور ان کی بیوی اداکارہ عروسہ اور بہن نے کبھی بھی اپنے جسم دکھانے والے لباس نہیں پہننے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ایک ساتھی اداکارہ نے نامناسب کپڑوں میں اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس پر کی جانے والی تنقید پر وہ کافی پریشان ہوئیں تو میں نے ان سے بھی یہی کہا کہ آپ کو یہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر ہی نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ جہاں لوگ احمقانہ باتوں پر دوسروں پر تنقید کر سکتے ہیں تو آپ کا لباس تو واقعی ہی ہمارے ثقافتی اصولوں کے خلاف ہے تو اس پر تو لوگ لازمی تنقید کریں گے۔