پاکستان کی مشکلات کا حل نواز شریف کے پاس ہے، مریم اورنگزیب

پاکستان کی مشکلات کا حل نواز شریف کے پاس ہے، مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک کی مشکلات کا حل صرف نواز شریف کے پاس ہے۔ ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 5 جولائی کے دن وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی حکومت پر شب خون مار کر ایک آمر نے جمہوریت کا قتل کیا تھا، آج ہی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی برسی کا بھی دن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال سے اتحادی حکومت ملک کی معاشی تباہی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ ، بدحالی اور دہشت گردی ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پچھلے چار سالوں میں نالائق، نااہل اور چوروں نے ملک کو صرف تباہی کی طرف ہی دھکیلا ہے۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ کچھ سازشی کرداروں نے ایک نااہل اور چور کو ملک پر مسلط کیا ہے، یہ کہانی صرف 4 سال کی نہیں ہے، اس کی شروعات 2013ء میں ہی شروع ہو چکی تھی، 2013ء میں ملک کے اندر دہشت گردی ، مہنگائی، اور بے روزگاری تھی، ملک ڈیفالٹ کی نہج پر تھا۔ مریم اورنگ زیب نے کہا کہ لوگوں نے توسمجھ لیا تھا کہ ملک کی مشکلات کا حل صرف سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاس ہی ہے، جب پاکستان ایک مشکل دوراہے سے گزر رہا تھا تو اس وقت نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سی پیک کے 10سال مکمل ہو رہے ہیں، سی پیک پاکستان اور چین کی قیادت کا خطے کیلئے ایک تحفہ ہے، سی پیک کا تحفہ قائد محمد نواز شریف اور صدر شی جن پنگ کا وژن ہے، سی پیک منصوبے نے پاکستان کو 2013ءسے لے کر 2018ءتک ہر شعبے میں ترقی دینے کا کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف نے ہی ملک کے اندر سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی، صوبوں میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو وہاں حکومتیں بنانے کا موقع دیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔