لاہور: جماعت اسلامی پاکستان نے ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، کرپشن اور سودی نظام کے خلاف عوامی مارچ کا اعلان کر دیا۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام اور سسٹم کے خلاف عوام سے رجوع کر رہے ہیں، 11 جون کو لاہور سے مہنگائی، کرپشن اور سودی نظام کے خلاف مارچ کے لیے نکلیں گے۔ وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کپڑے بیچنے کے بجائے مہنگائی اور کرپشن ختم کریں۔ شہباز شریف نے نیشنل ڈائیلاگ کی بات کی ہے تو میں بھی 1 ماہ سے کہہ رہا ہوں، سیاستدان آپس میں بیٹھ کر میثاق جمہوریت نہیں کرتے تو سب فارغ ہوجائیں گے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے پاس مسائل کا حل ہے تو کر کے دکھائیں، اس وقت ملک میں ایک ڈمی اپوزیشن ہے۔انہوں نے کہا کہ کپڑے بیچنے کے بجائے آئی ایم ایف پروگرام مسترد کریں، تمام خفیہ معاہدوں کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم موجودہ نظام کو مسترد کرتے ہیں، فرد کی تبدیلی مسائل کا حل نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں، نظام کرپشن فری اور سود سے پاک معاشی نظام نافذ کریں۔ سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے ہمارا مؤقف ہے کہ الیکشن ریفارمز ہوں، سرمایہ کی بنیاد پر الیکشن کو اغوا کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں منتقل کرکے شناخت دی جا رہی ہے، آج 45 لاکھ سے زیادہ انڈین شہریوں کو مقبوضہ کشمیر منتقل کر کے شناختی کارڈ دیے گئے، یہ کشمیر کا کیس ہار گئے ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے 10 روزہ ترازو مہم شروع کی ہے، ہم نے 45 فیصد حلقوں میں امیدواروں کا چناؤ مکمل کرلیا ہے، ہماری تیاری مکمل ہے، اب الیکشن کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔