خوشاب (ویب ڈیسک) خوشاب کی صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے دوران ایک خاتون نے پولنگ اسٹیشن میں بچے کو جنم دیدیا.
حلقہ پی پی 84 خوشاب میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے کی کورونا سے وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔
یہ بچہ مٹھ ٹوانہ رورل ہیلتھ سینٹر میں پیدا ہوا، جسے آج کے ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ نومولود کے والد سلامت نے بتایا کہ وہ اپنے بچے کی پیدائش پر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ ہم جلد بچے کے لیے ایک موزوں نام کا انتخاب کریں گے۔
خوشاب میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ پی پی 84 خوشاب میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔ اس کے علاوہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔