عدالت نے شیخ رشید کو بری کر دیا، بڑی خبر آگئی

عدالت نے شیخ رشید کو بری کر دیا، بڑی خبر آگئی
کیپشن: sheikh rasheed
سورس: ویب ڈیسک

(ویب ڈیسک) شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق ایڈوکیٹ نے کہا کہ پولیس نے صداقت عباسی کے 164 کے بیان کو بنیاد بنا کر شیخ رشید کی گرفتاری مانگی،عدالت نے شیخ رشید کو ٹیکسلا کے تینوں مقدمات سے بری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق ایڈوکیٹ نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں شیخ رشید کی گرفتاری کی استدعا کی، پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے 15 روز کا جسمانی ریمانڈ مانگا گیا، ہم نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوٹر 16 جنوری کو بتا چکے ہیں کہ ان مقدمات میں شیخ رشید مطلوب نہیں ہیں۔

سردار عبدالرزاق نے کہا کہ پولیس نے صداقت عباسی کے 164 کے بیان کو بنیاد بنا کر شیخ رشید کی گرفتاری مانگی، صداقت عباسی سرکاری ٹارچر سیل اور ایجنسیز اور پولیس کی تحویل میں تھے جب یہ بیان لیا گیا،20 ستمبر 2023 کے بیان پر شیخ رشید کو ان مقدمات میں گرفتار نہیں کیا جا سکتا، کوئی بیان ایک مقدمے میں ریکارڈ کیا گیا ہو وہ کسی اور مقدمے میں استعمال نہیں ہو سکتا,ہمارے دلائل پر عدالت نے اتفاق کیا اور 16 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی.

سردار عبدالرزاق نے مزید کہا کہ عدالت نے شیخ رشید کو ٹیکسلا کے تینوں مقدمات سے بری کر دیا ہے، شیخ رشید کے خلاف نیو ٹاؤن مقدمے میں ہمارے بحث مکمل ہو چکی ہے، شیخ رشید کو 8 فروری کے الیکشن سے باہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ان کو اس لیے بند کیا گیا کہ وہ انتخابی مہم نہ کر سکیں اور لوگوں سے ووٹ نہ مانگ سکیں۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق شیخ رشید کے خلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے،آئندہ سماعت پر مقدمات کا ریکارڈ اور اسپیشل پراسیکیوٹر کو طلب کر لیا گیا ہے،کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی،عدالت نے شیخ رشید کی نیو ٹاؤن مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News