پاکستانی عازمین حج کیلئے خوشخبری

پاکستانی عازمین حج کیلئے خوشخبری
اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق لاہور، پشاور اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر پھنسے عازمین حج کو جدہ روانگی کی خصوصی اجازت مل گئی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکورنے خصوصی اجازت دینے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے 123 عازمین حج کو ایئر بلیو اور سعودی ایئر کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود 25 سرکاری عازمین حج کو پشاور اور لاہور سے روانہ کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حج ویزہ کے حامل عازمین کو جدہ ایئر پورٹ پر 7 ذی الحج کی رات 12 بجے تک اترنے کی خصوصی اجازت ہے، حج ویزہ کے حامل عازمین حج کسی بھی پرواز کے ذریعے جدہ ایئرپورٹ کا سفر کر سکیں گے، حج ویزہ کے حامل افراد خود بھی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے متعین وقت سے پہلے جدہ ایئر پورٹ پہنچ سکتے ہیں۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق جدہ ایئرپورٹ پر پاکستان حج مشن کا عملہ عازمین حج کی رہنمائی و سہولت کیلئے موجود ہے، پروازوں سے رہ جانے والے سرکاری و نجی عازمین حج متعلقہ حاجی کیمپ یا ٹور آپریٹر سے فوری رابطہ کریں،حاجی کیمپوں کے ذریعے آخری حج پروازوں سے رہ جانے والے عازمین حج سے رابطہ کیا جا رہا ہے، مسئلہ کے فوری حل کیلئے سعودی عرب میں قائم پاکستان حج مشن کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔