بغاوت پر اُکسانے کا کیس، شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

بغاوت پر اُکسانے کا کیس، شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد: اسلام آباد کی سیشن عدالت نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنما شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کے جج طاہر عباس نے شہباز گل کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔ شہباز گل کے وکیل مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب کی جانب سے سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی کے جونیئر وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی مجسٹریٹ نے آرڈر کیا تھا کہ متعلقہ جج استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ سنائیں گے ، اس پر جونیئر پراسیکیوٹر نے کہا کہ ڈیوٹی جج نے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ آج سنانے کا حکم دیا تھا۔ جج طاہر عباس کا کہنا تھا کہ بڑی مہربانی آپ کی، جج بغیر سنے آرڈر کیسے کر دے۔ عدالت کی جانب سے سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کر دیا گیا اور شہباز گل کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ بعد میں عدالت نے پراسیکیوشن کی جانب سے شہباز گل کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ جج طاہر عباس کی جانب سے ریمارکس دیئے کہ ملزم کے پاس دو آپشن ہیں، ملزم عدالت کے روبرو پیش ہوجائے تو وارنٹ منسوخ ہوجائیں گے یا آرڈر چیلنج کیا جاتا ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ گل صاحب کب آ رہے ہیں ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ شہباز گل کی اہلیہ کی سرجری ہونی ہے ابھی کنفرم نہیں ہے۔کیس کی سماعت عدالت نے 26 جون تک ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔