’فواد چودھری اپنے ب فارم سے گردوغبار دور کرلیں‘

’فواد چودھری اپنے ب فارم سے گردوغبار دور کرلیں‘
اسلام آباد ( پبلک نیوز) ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے آباؤ اجداد سے ملک کو آزاد کروایا۔ یہ کس کھیت کی مولی ہے۔ گورے انگریز کو ناکوں چنے چبوائے یہ کالے انگریز اپنے آقاؤں سے سبق سیکھیں۔ فواد چودھری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بیرونی آقاؤں کے سہارے ان نااہل حکمرانوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلائیں گے۔ عمران نیازی کو کشمیر فروشی اور ملکی معیشت تباہ کرنے کے لئے مسلط کیا گیا، وہ کام ہوچکا اب اس کی حیثیت استعمال شدہ ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں۔ جن آقاؤں کے اشارے پر سی پیک جیسے میگا پروجیکٹ کو بلڈوز کیا جارہا ہے، اس کا حساب لئے بغیر ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے آباؤ اجداد نے ملک کو دو لخت کیا اب نیازی بچھا کچھا ملک توڑنے کے درپے ہے۔ ادارے تباہ، معیشت تباہ، مہنگائی زوروں پر، بے روزگاری عام، نیازی صاحب سب لوگوں کو گولڈ سمتھ جیسے سسر میسر نہیں، عوام پر رحم کریں۔ جلد اسلام آباد آئیں گے اور نیازی سے قومی نقصان کی ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ جعلی تعویذ گنڈوں اور دم درودوں پر چند دن کی چاندنی ہوتی ہے پھر جوتے پڑتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصلہ کن گھڑی کا وقت آگیا ہے، عنقریب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ عمران نیازی اور اس کے حواریوں کو عنقریب اپنی اوقات معلوم ہوجائے گی۔ فواد چودھری اپنے ب فارم سے گردو غبار دور کرلیں، انہیں نئے باس کی ضرورت جلدی پڑنے والی ہے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔