ویب ڈیسک:بالی ووڈ انڈسٹری کے میگا سٹار سلوبھائی اور سلطان جیسے ناموں سے مشہور ایکشن ہیرو سلمان خان کے اثاثوں کے بارے جاننے کے لئے اکثر لوگ بے چین ہیں، سلمان خان کا شمار امیر ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جو کہ اربوں روپے کی اثاثوں کے مالک ہیں۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان اس وقت 2ہزار 900 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے سب سے قیمتی اثاثوں میں ممبئی کے سمندر کنارے گلیکسی اپارٹمنٹ ہے جس کی مالیت 100کروڑ روپے ہے۔
سلمان خان کا ممبئی میں ہی ایک فارم ہاؤس بھی ہے جو 150 ایکڑ پر مبنی ہے، سلمان خان ان اداکاروں میں شامل ہیں جن کے اثاثے صرف بھارت میں ہی نہیں بلکہ دبئی میں بھی ہیں، ان کا ایک اپارٹمنٹ دبئی کے ڈاؤن ٹاؤن میں بھی ہے۔
سلمان خان نے وہاں بھی ایک بیچ ہاؤس بنا رکھا ہے، جس کی مالیت بھی 100 کروڑ کے قریب ہے۔ 3کروڑ مالیت کی ایک پرائیویٹ یاٹ (کشتی) بھی خرید رکھی ہے۔
اس کے علاوہ سلمان خان نے 2012 میں ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا تھا جس کا مقصد بھارت کی غریب عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
اس کے علاوہ وہ ایک برانڈ کے بھی مالک ہیں، جس کی اپنے کپڑے، جیولری اور گھڑیاں ہیں، اس برانڈ کی مالیت 235کروڑ روپے ہے، سلمان خان کے بزنسز میں ان کی فلم پروڈکشن اینڈ ڈسٹریبیوشن کمپنی بھی شامل ہے، جس نے بڑے پیمانے پر مشہور فلمیں بنائی ہیں۔
بالی ووڈ سٹار نے بھارت کی سب سے لگژری گاڑیاں اپنے گیراج میں کھڑی کر رکھی ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ ایک شاہانہ انداز میں زندگی گزارنے کے قائل ہیں۔