اسلام آباد میں ایچ نائن کے اتوار بازار میں اسٹالز پر آگ لگ گئی۔ تفصیلات کے مطابق آگ کپڑوں کے اسٹال میں لگی، آگ نے دیگر دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔جس کے باعث کئی دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں ہیں ۔ آگ بجھانے کےلئے فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اسلام آباد اتوار بازار میں لگنے والی آگ کا نوٹس لے لیا۔ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ڈی سی اسلام آباد کو خود موقع پر ریسکیو آپریشن کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آگ بجھانے کیلیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے آگ واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی گئی۔ اس کے علاوہ ترجمان پاک بحریہ نے کہا ہے کہ پاک بحریہ اسلام آباد کے پشاورموڑ اتوار بازار میں لگی آگ کوبجھانے میں سول انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہے۔ پاک بحریہ کی ٹیم اور 2 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔