اسلام آباد: : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، آئی ٹی کی برآمدات کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ایشیاء پیسفک آئی سی ٹی الائنس ایوارڈ (اپٹیکا ) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپٹیکا کی پہلی بار میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز ہے، پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستانی کمپنیوں نے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلئے بھرپور کام کیا ہے اور اس شعبہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، حکومت آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں میں معاونت کی جائے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ ہمارے لئے ایک چیلنج اور موقع بھی ہے، ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا، نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ جب پنجاب میں وزیراعلیٰ تھے تو صحت، تعلیم اور ریونیو کی وصولی جیسے مختلف شعبوں میں آئی ٹی کی ترقی کیلئے اقدامات کئے، ہونہار طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے، اس کے علاوہ آئی ٹی کے فروغ کیلئے پنجاب میں طلباء اور اساتذہ کو کتابچے بھی فراہم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کے فروغ کی بہت صلاحیت ہے لیکن ہماری برآمدات صرف 2.5 ارب ڈالر سالانہ ہیں جو ہماری حقیقی صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتیں، ہم آئی ٹی کی برآمدات اربوں ڈالر بڑھا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پچھلے 8 ماہ کے دوران انہوں نے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی اور نوجوانوں کو متحرک کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں، آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہم اپنی یہ برآمدات سالانہ 5 ارب ڈالر تک فوری لے جا سکتے ہیں، آئی ٹی ماہرین اور نوجوانوں کو آگے آ کر اس سلسلہ میں منصوبہ بنانا چاہئے کہ ہم کس طرح اپنے ہدف باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کیلئے ہماری کوششوں میں تقویت کا ذریعہ بنے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ایشیاء پیسفک آئی سی ٹی الائنس ایوارڈ کے انعقاد کیلئے پاکستان کے حق میں ووٹ دینے پر اپٹیکا کے چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبہ اور آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور اپٹیکا کو برآمدات کے فروغ کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ خیال رہے کہ پاکستان 7 سے 11 دسمبر تک 21 ویں اپٹیکا ایوارڈز2022 ء کی میزبانی کر رہا ہے۔ ایشیاء پیسفک آئی سی ٹی الائنس ایوارڈ کا پاکستان میں پہلی مرتبہ انعقاد ہو رہا ہے جس کا انتظام وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کے تعاون کیا گیا ہے۔ اس ایونٹ میں ملائیشیا، آسٹریلیا اور سنگاپور سمیت مختلف ممالک سے 150 غیر ملکی مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ کورونا کے بعد ایشیاء پیسفک آئی سی ٹی الائنس ایوارڈ کا پہلی مرتبہ انعقاد ہو رہا ہے جو عالمی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔