پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے قاتلانہ حملہ میں جاں بحق

پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے قاتلانہ حملہ میں جاں بحق
اٹک ( پبلک نیوز) پی پی پی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان حاکمین خان قاتلانہ حملے میں سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق رکن پنجاب اسمبلی ملک شاہان حاکمین خان پر نماز جنازہ کے دوران آبائی گاؤں شیں باغ میں قاتلانہ حملہ ہوا۔ ملک شاہان حاکمین خان کو گولی مارنے والا ان کے سوتیلے بھائی ملک محمد آصف کا 19 سالہ بیٹا ملک شیر دل حاکمین بتایا جاتا ہے۔ ان کو زخمی حالت میں ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں راولپنڈی ہسپتال ریفر کیا گیا تھا۔ ملک شاہان حاکمین خان کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں راولپنڈی ہسپتال لے جانے والوں میں سابق امیدوار پنجاب اسمبلی ملک حمید اکبر خان بھی شامل تھے۔ خون زیادہ بہہ جانے کے سبب ملک شاہان حاکمین خان کو راولپنڈی ہسپتال ریفر کیا جا رہا تھا تاہم ہسپتال کے گیٹ پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اے ایس پی اٹک جواد اسحاق اور ایس ایچ او تھانہ صدر اٹک جاوید اقبال اطلاع پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک پہنچ گئے۔ ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ڈی پی او اٹک سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یاد رہے کہ ملک شاہان حاکمین خان سابق وزیر جیل خانہ جات، ہاؤسنگ اینڈ فزیکل پلاننگ اور خوراک پنجاب سینیٹر ملک حاکمین خان مرحوم کے بیٹے تھے۔ ملک حاکمین خان ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں نصف درجن محکموں کے وزیر اور اس حلقہ سے 3 مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے علاوہ سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔