لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن نا ہوئے تو تحریک انصاف بھرپور طاقت کے ساتھ سڑکوں پر ہو گی۔ آئین و قانون کی خلاف ورزی پر عوام ان چوروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چئیرمین عمران خان کی لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے کل ہونے والی ریلی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ شرکاء کی رائے تھی کہ ریلی کا روٹ بہتر ہوتا تو مزید لوگ شامل ہو سکتے تھے۔ عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چند دن کے وقفے سے منعقد ہونے والی ریلی میں شرکاء کی تعداد قابل ستائش تھی۔ عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کو مزید بڑی تحریک کی تیاری کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے اور کہا ہے کہ الیکشن نا ہوئے تو تحریک انصاف بھرپور طاقت کے ساتھ سڑکوں پر ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کی خلاف ورزی پر عوام ان چوروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقے میں مزید متحرک ہوں اور عوام کو تیار کریں۔