(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے کڑمہ میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نائب صوبیدار طیب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا۔انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے نڈر جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں سے جنگ جاری رہے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج عقیدت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان کےعلاقے کرامہ میں خوارجی دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے شہداء کے خاندانوں سےدلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوانوں نے دلیری سے 5 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، شہداء کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئےقوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔