نیوایئرنائٹ: امن وامان یقینی بنانے کیلئےصوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

نیوایئرنائٹ: امن وامان یقینی بنانے کیلئےصوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم
کیپشن: نیوایئرنائٹ: امن وامان یقینی بنانے کیلئےصوبہ بھر کی سیکیورٹی بڑھانے کا حکم

ویب ڈیسک: نیو ایئر نائٹ پر پنجاب پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی پلان مکمل کرلیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ائیر نائٹ پر لاہور سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھانے کا حکم دیدیا ہے۔ 

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سال نو کی آمد پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہونگے۔ 395 انسپکٹرز، 1125 سب انسپکٹرز، 2060 اے ایس آئیز، 1310 ہیڈ کانسٹیبلز اور 18759 کانسٹیبلز و دیگر اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ 

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں 05 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ 

آئی جی پنجاب نے پولیس کو ہائی الرٹ رہنے، ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔ 

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی۔ ہلڑ بازی، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے والے شرپسند عناصر حوالات جائیں گے۔

آئی جی پنجاب نے نیو ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔  اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس، پی ایچ پی ٹیمیں سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھائیں۔ لاہور سمیت تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے  جاری رکھے جائیں۔ گذشتہ سال کے ریکارڈیافتہ ون ویلرز، ہوائی فائرنگ کے ملزمان سے ضمانتی مچلکے لیے جائیں۔ 

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران ٹریفک  کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کریں۔ شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی 15 پر اطلاع کریں۔

Watch Live Public News