کراچی : فشریز کے علاقے میں واقع فیکٹری میں زہریلی گیس سے متعدد افراد بے ہوش ہوگئے ہیں، متاثرہ افراد کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیماڑی فشری کے قریب کمپنی میں زہریلی گیس کےاخراج کے باعث 19 افراد متاثر ہوئے ہیں، جن کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر خالد بخاری کا کہنا ہے کہ گیس حادثے کے اب تک 10 متاثرہ افراد کو اسپتال لایا گیا ہے،تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے ،ابتدائی طبی امداد دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی فوڈ فیکٹری میں گیس دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے کمشنر اور وزیر لیبر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ فش ہاربر کی فوڈ فیکٹری میں زہریلی گیس کا اخراج ہونے کی اطلاعات ہیں جس سے 11 خواتین کی حالت تشویشناک ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام زخمی خواتین کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ فیکٹری میں دھماکہ کی تفصیلات سے فوراً آگاہ کریں۔وزیراعلیٰ نے محکمہ فوڈ سے فیکٹری کا معائنہ کرنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ فوڈ فیکٹری میں ناکارہ گیس سلنڈر پائے جائیں تو فوراً سیل کریں۔