سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے مقابلے میں میٹا کی جانب سے لانچ کیا جانے والا سوشل پلیٹ فارم ’ تھریڈز‘ پر اکاؤنٹ بنانے والوں کیلیے بُری خبر آگئی ہے ۔ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی جانب سے پلیٹ فارم پر مختلف قسم کی پابندیاں عائد کیے جانے سے صارفین تنگ آ چکے ہیں ۔ تھریڈز کی لانچنگ ایسے وقت میں ان کے لئے امید کی نئی کرن ہے مگر تھریڈز پر اکاؤنٹ بنانے سے قبل اس خبر ضرور پڑھیں۔ اگر آپ کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک پر اکاؤنٹ بناتے ہیں تو اس کو جب اس اکاونٹ کو استعمال نہیں کرنا ہوتا تو آپ باآسانی اس کو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں مگر خبر دار! تھریڈز کے ساتھ معاملہ کچھ اور ہی ہے۔ یہاں اگر کسی نے ایک بار سائن اپ (Sign Up) کرلیا تو پھر اکاؤنٹ کو ڈیلیٹ نہیں کر سکتا ہے۔ تھریڈز کی پرائیویسی پالیسی کا مطالعہ کرنے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ صارف کے سائن اپ کیے جانے کے بعد اس پر سے اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکتا البتہ اکاؤنٹ کو غیر فعال (Deactivate) کرنے کا آپشن موجود ہے۔ پالیسی میں آگاہ کیا گیا ہے کہ تھریڈز کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کے لئے صارف کو فوٹو اینڈ ویڈیو شیرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی ہاتھ دھونا پڑے گا تاہم اگر تھریڈز کا اکاؤنٹ غیر فعال کرتا ہے تو اس سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ میٹا کا یہ نیا سماجی رابطے کا پلیٹ فارم 5 جولائی کو لانچ کیا گیا تھا ۔ اس کی لانچنگ کے کچھ ہی گھنٹوں بعد 30 ملین صارفین نے اکاؤنٹس بنائے جس میں دنیا کی نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔