اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو 11 اپریل منگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔ عدالت کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ساڑھے 8 بجے اپنی عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔جج ظفر اقبال نے جاری نوٹس میں کہا ہے کہ اگر عمران خان عدالت پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائےگی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ کوہسار کے تفتیشی افسرکو مکمل ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش کرنےکا بھی حکم جاری کیا ہے۔ خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس کی جلد سماعت مقررکرنےکی درخواست پر عمران خان کو طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔