(ویب ڈیسک ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج موصول ہوتے ہی محمد نواز شریف تقریرفتح کے لیے مسلم لیگ ن کے ہیڈ کوارٹر پہنچیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ کل رات میڈیا کے ایک حصے کی طرف سے جان بوجھ کر بنائے گئے غلط تاثر کے برعکس پاکستان مسلم لیگ ن ، الحمدللہ مرکز اور پنجاب میں واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھر رہی ہے۔ محض کچھ نتائج کا انتظار ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حتمی نتائج موصول ہوتے ہی محمد نواز شریف تقریرفتح کے لیے مسلم لیگ ن کے ہیڈ کوارٹر پہنچیں گے ۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بیان میں کہا ہے کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے اب تک جمع ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) الحمدللہ قومی اور پنجاب اسمبلی میں اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، یہ پاکستان کے عوام کا قائد محمد نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی عوامی خدمت کے اعتراف کا مظہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حتمی نتائج مکمل ہوتے ہی قائد محمد نواز تشریف پارٹی کے مرکزی سیکرٹیریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچیں گے اور عوام سے خطاب کریں گے۔