ویب ڈیسک: سسلی میں ایک شخص نے ایک یورو میں گھر خرید لیا ہے، اب وہ دوسروں کو اس آفر سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دے رہا ہے۔
آسٹریلوی نژاد شہری ڈینی مکیوبن نے ایک آن لائن آرٹیکل میں حیرت انگیز آفر دیکھنے کے بعد دیکھنے کے بعد اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ آفر (کیس ون یورو) میں سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے ایک یورو میں گھر دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ موسومیلی شہر کی آبادی صرف 11 ہزار نفوس پر مشتمل ہے جس میں زیادہ تر عمر رسیدہ افراد رہتے ہیں، شہر کی انتظامیہ نے سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے آفر دی تھی جسے آسٹریلوی شہری نے حاصل کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ایک یورو میں گھر خریدنے کی اس حیرت انگیز سکیم سے فائدہ اٹھانے کی شرط صرف یہ ہے کہ گھر لینے والا 3 سال کے اندر اس کی مکمل مرمت کرائے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں ایک یورو میں گھر خریدنے والے ڈینی کا کہنا تھا کہ میں نے سی این این کاآرٹیکل پڑھا تو یہ ارادہ کیا کہ اس قدیمی علاقے میں منتقل ہونا ہے، اب میں دیگر افراد کو بھی یہاں لانے کے لیے مہم چلا رہا ہوں۔
واضح رہے کہ ڈینی 17 سال سے لندن میں مقیم ہیں تاہم وہ اس شاندار آفر کے مہیا آنے کے بعد مستقل طور پر سسلی منتقل ہو گئے ہیں۔
شہر کے میئر کا کہنا ہے کہ شہر کی آبادی کا بیشتر حصہ سٹی کاونسل کی ملکیت ہے ، 1968 میں زلزلہ آنے کے بعد کئی عمارتیں تباہ ہوئیں اور ان میں رہائشیں تاحال خالی پڑی ہوئی تھیں جنہیں آباد کرنے کا ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے۔ ان خستہ حال خالی عمارتوں کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔
شہر کے میئر وینوتی کا مزید کہنا تھا کہ خالی عمارتوں کو آباد کرنے میں کچھ عرصہ مزید لگے گا، ان کا کہنا تھا کہ گھرخریدنے کے عمل کے بعد پانی اور بجلی کے لیے رقم کی فراہمی اور ٹیکس رجسٹریشن سے گزرنا پڑے گا، سکیم کا آن لائن اجراء کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ دنیا کے کئی دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کی سکیمز دی جاتی ہیں تاکہ غیر ملکی سیاحوں کو متوجہ کیا جائے۔