لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ سیاست نہیں، سراسر دہشت گردی ہے۔ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا میرا قوم سے وعدہ ہے کہ ہم ریاست پاکستان پر حملے میں ملوث کسی ایک کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔ دوسری جانب پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامر میر کی جانب سے پی ٹی آئی کی کھلی دہشت گردی کی شدید ترین مذمت کی گئی ہے۔ عامر میر نے کہا کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں پر حملے ملک دشمنی اور فاشزم ہے، شرپسند عناصر کی جانب سے ریڈ لائن کراس کی گئی ہے، لاہور اور راولپنڈی کے افسوسناک واقعات ریاست دشمنی کے مترادف ہیں، یہ سیاست نہیں بلکہ ننگی دہشت گردی ہے لہٰذا سخت ترین احتساب ہو گا۔ نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حملوں میں ملوث شرپسندوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، دہشت گردی میں ملوث ایک ایک شرپسند کو نشان عبرت بنایا جائے گا، شر پسندوں نے اپنا اصل چہرہ اور اپنا ملک دشمن ایجنڈا ظاہر کر دیا، ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے ساری عمر پچھتائیں گے، شر پسند عناصر کی سرکوبی کے لیے ہر طرح کے اقدام کیے جائیں گے۔