سانحہ 9 مئی پر صدرمملکت اور وزیراعظم نے پیغامات جاری کردیے

سانحہ 9 مئی پر صدرمملکت اور وزیراعظم نے پیغامات جاری کردیے
کیپشن: The President and the Prime Minister issued messages on the tragedy on May 9

ویب ڈیسک: سانحہ 9 مئی کو ایک سال بیت جانے کے موقع پر صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرانا ہوگا جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 9 مئی سیاست قربان اور ریاست پر حملہ کرنے والی 2 سوچوں کا نام ہے۔

صدرمملکت کا پیغام:

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ 9 مئی ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم انتہائی افسوس ناک ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب کا طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتیں رواداری اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے کام کریں۔

انہوں نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچایا اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے ملک کا تاثر بری طرح متاثر ہوا اور پرتشدد واقعات سے صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات پورے ہوئے، حملے ریاستی رٹ ، قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پرامن مظاہرے اور تعمیری تنقید جمہوریت کی روح ہیں، آئین پاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق دیئے گئے ہیں جنہیں آئین اور قانون کے مطابق انتہائی ذمہ داری سے استعمال کیا جانا چاہئے۔

صدر مملکت نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی حقوق کا غلط استعمال کرکے تشدد پر اکسانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے، ذمہ دار جمہوریتوں میں سیاسی مفاد کیلئے ریاستی املاک کی تباہی، توڑ پھوڑ کبھی نہیں دیکھی۔

آصف علی زرداری نے مسلح افواج اور اس کے اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کے دفاع میں پیش پیش رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، اورسیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل سے ترقی کا عمل متاثر اور سماجی و اقتصادی چیلنجز میں بھی مزید اضافہ ہوتا ہے۔

صدر مملکت کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال متقاضی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں رواداری ، جمہوری اقدار کے فروغ، سیاسی مذاکرات اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی جمہوریت کو مضبوط کریں، قانون کی حکمرانی ، رواداری، سیاسی مکالمے اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دیں۔

وزیراعظم کا پیغام:

وزیراعظم شہبازشریف نے 9 مئی کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا کہ 9 مئی کا دن ریاست پر سیاست قربان کرنے اور سیاست کیلئے ریاست پر حملہ کردینے والی دو سوچوں کو الگ الگ کر دینے والا دن ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے، ان کے عظیم اہل خانہ، محب وطن عوام ہیں، دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ ان کی آنکھ میں قومی یادگاروں، ریاستی اداروں، آئین، قانون کیلئے کوئی عزت وشرافت نہیں، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے، وعدہ ہے ارض پاک، عظیم شہداء، اُن کے ورثاء اور قوم سے، 9 مئی پھر کبھی نہیں ہوگا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام:

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 9 مئی کے حوالے سے پیغام جاری کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قوم 9 مئی کو بھولے گی نہ معاف کرے گی۔ 9 مئی تاریخ کا سیاہ باب ہے، اقتدار پرستوں نے ہوس میں وہ کر ڈالا جو دشمن بھی نہ کرسکا۔ 

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے منصوبہ سازوں کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ ہوس پرستوں نے قوم کی عزت و حرمت کی ریڈ لائن کراس کی۔ قومی ادارے کو کمزور کرنے کی سازش اور مجرم بے نقاب ہوچکے ہیں۔ سیاست کی خاطر ملک و قوم کے وقار کو پامال کرنے والے کسی معافی کے مستحکم نہیں ہوسکتے۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ نفرت کی آگ میں سلگتے ہوئے کردار اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے۔ قوم 9مئی کے ہر کردار کو جان چکی ہے اور ان کے مکروہ چہرے پہچان چکی ہے۔ شہداء کی بےحرمتی کرنے والے شہید کا مقام نہیں جانتے۔ 

مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ عہد کرتے ہیں کہ اب 9 مئی کبھی نہیں ہونے دیں گے۔ 9 مئی کرنے والے تاریخ کے کوڑا دان میں نظر آئیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی مذمت: 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کے پیچھے نفرتیں بڑھانے کی کہانی ہے۔ 9 مئی کو پورا ایک سال گزرگیا ہے۔ 9مئی کے واقعات قوم کوتقسیم کرنے کی کہانی تھی۔ 9مئی کاواقعہ قابل مذمت اورافسوسناک تھا۔ 

مرادعلی شاہ نے کہا کہ 9 مئی کے پیچھے ایک بہت بڑی کہانی ہے۔ نوجوانوں کے ذہن زہر سے بھردیے گئے۔

بلاول بھٹو زراری کا پیغام

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 9 مئی کی برسی پر پیغام جاری کردیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا دن بھی ملکی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن ہے۔ انصاف کا تقاضا ہے کہ قائداعظم کے گھراور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ 

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات ملک میں انارکی پھیلانے اور فسطائیت مسلط کرنے کی گھناؤنی سازش تھی۔ سب کو پتا ہے کہ 9 مئی کے قابلِ مذمت واقعات کس کے اُکسانے اور کس کی ایماء پر کیے گئے۔ پاکستان 9 مئی کے واقعات پر مٹی پاوَ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے ایسے اقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ 

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کے خفیہ دستاویزات کو لیک کرنا اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنا سیاست نہیں، ملک دشمنی ہے۔ پیپلز پارٹی آج بھی اپنے اس مؤقف پر قائم ہے کہ 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ لیکن پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں کو یقین دہانی کرانا ہوگی کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کیا جائے گا۔