کرپشن اسکینڈل: نیب کا کروڑوں روپے پلی بارگین کا دعویٰ، پرویزالہٰی کی تردید

کرپشن اسکینڈل: نیب کا کروڑوں روپے پلی بارگین کا دعویٰ، پرویزالہٰی کی تردید
کیپشن: کرپشن اسکینڈل: نیب کا کروڑوں روپے پلی بارگین کا دعویٰ، پرویزالہٰی کی تردید

ویب ڈیسک: نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب ودیگر کیخلاف تعمیراتی ٹھیکوں میں کک بیکس کیس میں کروڑوں روپے پلی بارگین سے ریکوری کا دعویٰ کیا ہے جبکہ چودھری پرویز الہٰی نے نیب کے دعوے کی تردید کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کرپشن سکینڈل میں نیب لاہور نے اہم ریکوری کی ہے۔ ریکوری سابق وزیراعلی پنجاب و دیگر کیخلاف تعمیراتی ٹھیکوں میں کک بیکس کیس میں ہوئی۔ ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے 3 کروڑ 68 لاکھ مالیت کا چیک پنجاب حکومت کے حوالے کیا۔ 

ترجمان نیب لاہور کے مطابق چیک ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی موجودگی  میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس عبدالاصمد نے وصول کیا۔ ریکوری سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی و دیگر کیخلاف تعمیراتی ٹھیکوں میں کک بیکس کیس میں ہوئی۔ 1 کروڑ 72 لاکھ روپے سابق چیف فنانشل آفیسر اکرام نوید سے پلی بارگین سے وصول کئے گئے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر کا کہنا تھا کہ کرپشن سکینڈلز میں قومی دولت کی برآمدگی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں لاہور بیورو بہترین کام کر رہا ہے۔ نیب کے تمام اقدامات ملکی و عوامی مفاد میں ہوں گے۔ چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق پارلیمانی نمائندگان و بزنس کمیونٹی کیلئےاحتساب سہولت سیل قائم کیا گیاہے۔ 

ڈپٹی چیئرمین نیب نے کہا کہ اے ایف سی کا دائرہ کار قومی اسمبلی، صوبائی پارلیمان کے بعد بیوروکریسی تک پھیلایا گیاہے۔ نیب لاہور رواں سال اربوں روپے عوام اور قومی خزانہ کی نظر کرچکا ہے۔ عوام دوست اقدامات میں نیب لاہور ماہانہ کھلی کچہری باقاعدگی سے منعقد کر رہا ہے۔ چیئرمین نیب کے حالیہ اقدامات سے عوام کا نیب پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

چودھری پرویزالہٰی کی تردید

چودھری پرویزالہٰی نے کسی بھی قسم کی پلی بارگین کیے جانے کی ترددید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج نیب نے من گھڑت اور جھوٹی خبر چلائی ہے۔ سینکڑوں سرکاری ملازمین کو اغوا کر کے مار پیٹ کر کے پلی بارگین کی ہے۔ انہوں نے جو پیسے دئیے ہیں ان کو میرے ساتھ خوامخواہ منسلک کیا جا رہا ہے۔ 

چودھری پرویزالٰہی کا مزید کہنا تھا کہ یہ سارا جھوٹ کا پلندا ہے، نہ تو میں نے کرپشن کی ہے اور نہ ہی میں نے کوئی پلی بارگین کی ہے۔ 

چودھری پرویزالٰہی نے واضح کیا کہ میرے خلاف 25 جعلی کیس بنے، یہ مزید 25 کیس اور بھی بنا لیں تب بھی میں بانی پی ٹی آئی  کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔

Watch Live Public News