اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے آنے پر کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ دیدیا گیا، اب انہیں پاکستان آمد پر قوانین کے مطابق لازمی کورونا ٹیسٹ نہیں کروانا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق یہ اجازت پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے خصوصی درخواست پر محکمہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے دی گئی ہے اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے ایک خصوصی این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ لازمی کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے شعبہ ائر ٹرانسپورٹ نے جاری کیا ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کیوی ٹیم کے لئے کورونا ٹیسٹ سے استثنیٰ کی تحریری درخواست سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کو موصول ہوئی تھی ۔ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 11 ستمبر کو بیمان ائیر کی چارٹر پرواز BG-4031 کے ذریعے ڈھاکہ سے اسلام آباد پہنچے گی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم سے تین ون ڈے میچ کھیلے گی۔