پبلک نیوز ہیڈلائنز، سہ پہر 3 بجے،9ستمبر 2021

پبلک نیوز ہیڈلائنز، سہ پہر 3 بجے،9ستمبر 2021
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز کی ملاقات، افغانستان کی صورت حال سمیت خطے کی سلامتی کے حوالے سے معاملات پر بات چیت، ڈائریکٹر سی آئی اے ولیم برنز نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار کو سراہا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ سی ون تھرٹی طیارہ امدادی سامان لے کر افغانستان پہنچ گیا، پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے امدادی سامان کابل ایئرپورٹ پر وصول کیا، افغانستان کی وزارت پبلک ہیلتھ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، سامان میں 10ٹن آٹا، ڈیڑھ ٹن گھی اور ادویات کی بڑی مقدار شامل، کل امدادی سامان کا جہاز قندھار اور پرسوں تیسرا جہاز سامان لے کر خوست پہنچے گا۔ افغانستان کے معمولات چلانے کیلئے پاکستان سے لوگوں کو بھیجا جاسکتا ہے، وزیرخزانہ شوکت ترین کہتے ہیں افغانستان کے ساتھ تجارت پاکستانی روپے میں ہوگی، ملک میں جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد تک رہی، رواں سال4.8 فیصد پر لے کر جائیں گے، معیشت میں بہتری آرہی ہے جس سے گروتھ بڑھے گی۔ حقانی خاندان کے افراد کو امریکی بلیک لسٹ میں شامل کرنا دوحہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے، ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کہتے ہیں حقانی خاندان بھی طالبان کی اسلامی امارت کا حصہ ہیں، ان کی کوئی علیحدہ شناخت یا تنظیم نہیں، تمام طالبان حکام کو امریکی اور اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ سے نکالنا دوحہ معاہدے میں طے ہوا تھا، خلاف ورزی امریکا اور افغانستان دونوں کے مفاد میں نہیں۔ خواتین کو کرکٹ سمیت جسم کی نمائش والے کسی کھیل کی اجازت نہیں دیں گے، طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمداللہ واثق کا کہنا ہےکہ ان کا نہیں خیال کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے، کرکٹ میں خواتین کو ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جہاں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہیں ہوتا، یہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے، مخالفین کے ردعمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کریں گے۔