راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے شہر ڈی آئی خان میں پاک فوج اور دہشگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، دھماکا کلاچی کے علاقے میں پولیس کی گاڑی میں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے بعد کوئیک ری ایکشن فورس نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا،اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے مقامی آبادی کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کا خیرمقدم کیا گیا۔