امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق پاکستانی وزیر اعظم کے خلاف سازش نہیں کی ہے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے حوالے سے امریکا پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹے ہیں اور جھوٹے رہیں گے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ خفیہ کیبل سے متعلق خبر یہ آئی ہے کہ امریکا نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم کو ہٹانے کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالا؟ تاہم ترجمان نے مبینہ کیبل پر تبصرے کرنے سے گریز کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارت کاروں کے ساتھ ہونے والی نجی گفتگو پر بات نہیں کر سکتے ۔ غیر ملکی صحافی نے سوال کیا کہ آپ کا مطلب یہ ہے کہ امریکا نے یہ نہیں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جانا چاہیے؟ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ قریب قریب یہی مطلب ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سامنے آنے والی دستاویزات بھی ثابت نہیں کرتیں ہیں کہ امریکا نے کسی بھی پاکستانی رہنما کا انتخاب کیا یا نہیں ۔ ہم نے سابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ روس پر تشویش کا اظہار کیا تھا، سابق وزیر اعظم پاکستان نے روس کے یوکرین پر حملے والے دن دورہ کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی متعلقہ جمہوری اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستانی حکومت کے ساتھ براہ راست بات چیت جاری رکھیں گے۔