اسلام آباد: صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نےعید الاضحیٰ کے موقعے پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحٰی حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی تسلیم ورضا کی یاد دلاتی ہے، قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیر کا حامل ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وطن عزیز مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے، ایثار اور قربانی جیسے جذبات بروئے کار لانے کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ یتیموں، بیواؤں اور ناداروں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کر سکتے ہیں۔وزیر اعظم نے تلقین کی کہ عید کے موقع پرسیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو نہ بھولیں، مشکلات و مصائب کے شکار بھائیوں اور بہنوں کی مدد پر خصوصی توجہ دی جائے۔