ایازصادق کیس: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو نوٹس جاری کردیا

ایازصادق کیس: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کو نوٹس جاری کردیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کیس میں وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں لیگی رہنما سردار ایاز صادق کی جانب سے این اے 122 میں اپنی جیت کا فیصلہ کالعدم قرار دیئے جانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم بینج نے کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ 2013 کے الیکشن کا معاملہ ہے، جو غیر مؤثر ہوچکا ہے، جس پر ایازصادق نے کہا اس کیس میں مجھ پرجھوٹاالزام عائدکیاگیااورمیری ہتک کی گئی۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی ہتک ہوئی تھی تو آپ ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر سکتے ہیں۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا آپ اس کے بعد الیکشن ہار گئے؟ جس پر ایازصادق نے کہا کہ جی نہیں ، میں اس کے بعد کوئی الیکشن نہیں ہارا۔ سپریم کورٹ نے اپیل پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اور نادرا کو بھی نوٹسز جاری کردیئے اور مزید سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ سال 2013 میں این حلقہ این اے 122 انتخاب میں عمران خان نے ایاز صادق پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے اس حلقے کا انتخاب چیلنج کر دیا تھا اور الیکشن ٹربیونل نے مذکورہ الیکشن کالعدم قرار دے دیا تھا۔جس پر ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں 2013 الیکشن میں حلقے میں دھاندلی کے الزام پر درخواست دائرکی تھی اور درخواست میں عمران خان،الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔