ویب ڈیسک: کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، لانڈھی اور نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔
اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے باعث آج بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، شہر میں اس وقت اچھی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہواؤں کی رفتار 25 سے 30کلو میٹر تک بڑھنے کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق کل بھی شہر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ منگل سے مطلع صاف ہو جائے گا اور منگل سے درجہ حرارت32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بتایا کہ رمضان کے پہلےعشرے میں درجہ حرارت مارچ کے معمول اوسط درجہ حرارت کے مطابق ہی ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے غیر ضروری سفر کے اجتناب کی اپیل کی ہے۔
بلوچستان میں بارش،گوادرپھرڈوب گیا
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں گزشتہ رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل بارش کے باعث گوادر کی اکثر سڑکیں زیر آب آ گئے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات بھر بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا کئی نواحی علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوئی، گوادر، زہران، سیسدی، چوڑ اور ملحقہ علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، موسلادھار بارشوں سے دشت کی رابطہ سڑک بند ہو گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر، کیچ اورتربت کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے،اورماڑہ، مکران، گوادر، تربت، پسنی، جیونی، لسبیلہ اور خصدار میں کل سے بارشوں کے نئے سلسلہ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔