ویب ڈیسک: چاند پر بھیجے گئے پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کی لی گئی پہلی تصویر پبلک نیوز کوموصول ہو گئی۔چینی حکام نے چاند کا پہلا امیج پاکستانی حکام اور پاکستانی سفیر کے حوالہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی کیو قمر نے چاند کی تصاویر بنانے کا کام شروع کردیا اور اس سے لی گئی پہلی تصویر باضابطہ طور پر پاکستانی سفیر کے حوالے کردی گئی۔ آئی کیوب قمر کی اس پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے ۔
چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن میں آئی کیوب قمر کے کامیاب مشن پر خصوصی تقریب کا انقاد کیا گیا، جس میں چینی حکام نے آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والا پہلا امیج پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کے حوالے کر دیا۔
آئی کیوب قمر کو کامیابی سے چاند کے مقررہ مدار میں ڈپلائے کیا جا چکا ہے۔ آئی کیوب قمر تمام مقررہ پیرا میٹرز کے مطابق کام کر رہا ہے۔
ترجمان سپارکو نے بتایا کہ آئی کیوب قمر نے چاند کے گرد 3 چکر لگالیے ہیں،مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا۔
قبل ازیں ماہرین نے بتایا تھا کہ سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جس کے بعد آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہو نے کا امکان ہے۔
چانگ ای 6 مشن چاند کی کشش ثقل کے زیر اثر قمری مدار میں داخل ہو چکا ہے اور اگلے مرحلے میں چانگ ای 6 کے لینڈر اور اسینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی عقبی جانب لینڈ کروایا جائے گا۔ اس کے بعد مین لینڈر چانگ ای 6 مشن سے یکم جون کو علیحدہ ہو جائے گا، جس کے بعد 2 جون کو چانگ ای 6 مشن قمری سطح سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز جمع کرے گا ۔
چانگ ای 6 مشن 4 جون کو واپسی کا سفر شروع کرے گا ۔ اس سلسلے میں 6 جون کو چانگ ای 6 مشن ڈاکنگ کرے گا اور پروگرام کے مطابق 53 روزہ مشن مکمل کرنے کے بعد 25 جون کو زمین پر واپس لینڈ کرے گا۔