اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو فیصل مسجد کے احاطہ میں سپردخاک کیا جائے گا. سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیٍغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی فیصل مسجداحاطہ میں تدفین ان کی خواہش اور وصیت کے تحت کی جائے گی. اس سے قبل اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کے انتقال کا سن کر انتہائی صدمہ پہنچا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے سوگوار خاندان کے لیے صبر کی دعاکرتے ہیں. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا، پوری پاکستان قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے ایٹمی ملک بنانے پر بہت محبت کرتی ہے. ایٹمی قوت بننے سے پاکستان ہمسایہ ملک کی مملکنہ جارحیت اور خطرات سے محفوظ ہوگیا ،پاکستانی قوم کے لئے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر عظیم ہیرو تھے. واضح رہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا تھا. ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ آج فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی. ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ ہفتے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ڈاکٹر قدیر پہلے الشفا ہسپتال اور بعد میں ملٹری ہسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹر قدیر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، ڈاکٹر قدیر ملٹری ہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل ہو گئے تھے. گزشتہ رات ڈاکٹر قدیر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی. ڈاکٹر قدیر کو طبیعت کی خرابی پر قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا. ڈاکٹر قدیر آج صبح جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے. ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل1936ء کو بھوپال میں پیدا ہوئے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان1952ء میں پاکستان منتقل ہوئے. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے1960ء میں کراچی یونیورسٹی سے میٹالرجی میں ڈگری حاصل کی. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جرمنی اور ہالینڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی. 1967میں ہالینڈ سے میٹالرجی میں ماسٹراور 1972میں بیلجیم سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی.