معروف اداکار قاضی واجد کو بچھڑے 3 سال بیت گئے

معروف اداکار قاضی واجد کو بچھڑے 3 سال بیت گئے

کراچی (پبلک نیوز) معروف اداکار قاضی واجد 11 فروری 2018ء کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کرگئے تھے۔ زندگی کی 88 بہاریں دیکھنے والے اس نام وَر اور باکمال فن کار کی آج تیسری برسی منائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قاضی واجد نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں‌ بچّوں کے پروگرام سے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں‌ کا اظہار کرنے کے بعدریڈیو پرہی نشر کیے جانے والے ڈراموں میں متعدد کردار نبھائے۔جب 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔

قاضی واجد نے ٹیلی ویژن پر کئی ڈراموں میں‌ مختلف قسم کے کردار ادا کیے، سنجیدہ کرداروں کے ساتھ قاضی واجد نے بعض ڈراموں میں‌ مزاحیہ رول بھی ادا کیے۔ 1988 میں قاضی واجد کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔

دھوپ کنارے،’ ‘ تنہائیاں، ’حوّا کی بیٹی،‘ ‘خدا کی بستی’ اور ‘انار کلی’جیسے شاہکار ڈراموں میں انھوں نے بے مثال اور لاجواب اداکاری سے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ پاکستان بھر میں ان کی شخصیت اور فن کے مداح و معترف موجود ہیں جن کے دلوں میں ان کی یاد ہمیشہ زندہ رہے گی۔

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔