سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ

سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ
اسلام آباد: (پبلک نیوز) سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 2 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر فروری 2022ء تک کی مدت میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 5 اعشاریہ 132 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں دو فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 5 اعشاریہ 033 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فروری میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 558 اعشاریہ 2 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو جنوری میں 539 اعشاریہ 9 ملین ڈالر اور گذشتہ سال فروری میں 528 اعشاریہ 7 ملین ڈالر تھا۔ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اور بینکنگ ذرائع سے ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات اور سہولیات کے نتیجہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مجموعی طور پر 7 اعشاریہ 6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔