پی ٹی آئی کا ظلِ شاہ کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا ظلِ شاہ کے قتل کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نے ظلِ شاہ کے قتل کی لاہور ہائیکورٹ کے جج کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چودھری نے سوال کیا ہے کہ علی بلال شہید کی موت حادثے کا نتیجہ تھی توعمران خان، حماد اظہر اور مجھ سمیت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر جھوٹا پرچہ کیوں درج کیا گیا ؟ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس نگران سرکار کے دامن پر لگے معصوم خون کے دھبّے مٹانے کی ایک ناکام کوشش ہے، آج کی پریس کانفرنس سے ثابت ہوگیا ہے کہ پنجاب جھوٹے پرچوں کی آماجگاہ ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے، ارشد شریف کو شہید، شہباز گل اور اعظم سواتی پر بدترین تشدد کرنے والوں کی طرح ظلِ شاہ کے قتل کا بھی پورا حساب لیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی شہادت کور اپ، عمران خان پر قاتلانہ حملہ کور اپ اور اب علی بلال ظل شاہ کا قتل بھی ۔ کوراپ، کوئی شرم ہے نہ حیا ہے ۔ سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ اور استعمال کی پوری کہانی قوم کے سامنے ہے ، پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی ریلی اور پرُامن شرکاء ہدف تھے، پولیس کے کردار سے صوبے میں پراسیکیوشن کا پورا ڈھانچہ زمین بوس ہو کر رہ گیا ہے ، عدالتوں کے لئے فیصلہ کرنا مشکل ہوگیا ہے کہ پولیس جسے ملزم پیش کر رہی ہے وہ ملزم ہے بھی یا نہیں ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔