ویب ڈیسک : بھارت اور 4 یورپی ممالک کے درمیان بڑے تجارتی معاہدے پر دستخط کردیے گئے، 100 ارب ڈالر کا یہ معاہدہ بھارت، سوئٹزر لینڈ، ناروے، لکٹنسٹائن اور آئس لینڈ کے درمیان طے پایا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کے وزیر تجارت پیوش گوئل کے مطابق بھارت نے یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن (ای ایف ٹی اے) کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس سے ملک میں تقریباً 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔
16 سال طویل مذاکرات کے بعد یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن اور بھارت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت سوئٹزرلینڈ ، ناروے ، آئس لینڈ اور لکٹنسٹائن کا گروپ اگلے 15 سال کے دوران بھارت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
بدلے میں بھارت ان ممالک سے درآمد کی جانے والی صنعتی پیداوار پر عائد امپورٹ ٹیکس مکمل ختم کردے گا۔
یورپین فری ٹریڈ ایسوسی ایشن جلد بھارت میں اپنا دفتر بھی قائم کرے گی۔
بھارتی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ اس طرح کے معاہدے کے لیے برطانیہ سے مذاکرات بھی آخری مرحلے میں ہیں، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی بھارت تجارتی معاہدے کرچکا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ تاریخی معاہدہ اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور ملک کے نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے گا۔’
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا وقت مزید خوشحالی اور ترقی لائے گا۔