غزہ ( ویب ڈیسک ) مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر بہیمانہ تشدد کے بعد اب اسرائیل کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں ٗ عالمی برادری کی پراسرار خاموشی اور امت مسلمہ کی بے حسی کے بعد صہیونی ظلم کو مزید شہ ملی ہے ٗ غزہ میں اسرائیلی فوج نے بلااشتعال بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق کمسن بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی افواج کی طرف سے دعویٰ کیا جا رہا ہے اس آپریشن میں حماس کے کمانڈر محمد عبداللہ فیاض بھی شہید ہوگئے ہیں ٗ فلسطین کی صورتحال پر گزشتہ روز اقوام متحدہ نے اسرائیل کو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد اسرائیل نے اپنے مظالم میں مزید تیزی کردی ٗ اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اقوام متحدہ کا اجلاس جاری ہے لیکن تاحال ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا جا سکا۔امریکہ کی طرف سے فلسطینیوں پر تشدد کیخلاف ایک مذمتی بیان جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدیوں میں فلسطین کے رہائشیوں کو شیخ جراح سے نہیں نکالا جانا چاہیے ٗ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی ٗ نمازیوں کی شہادت پر او آئی سی کا اجلاس بھی بلالیا گیا ہے۔