بری خبر! سیمی فائنل سے پہلے پاکستان کے دو اہم کھلاڑی بیمار

بری خبر! سیمی فائنل سے پہلے پاکستان کے دو اہم کھلاڑی بیمار
دبئی: (ویب ڈیسک) کرکٹ شائقین کیلئے بری خبر ہے کہ سیمی فائنل کے بڑے مقابلے سے قبل پاکستانی ٹیم کے دو اہم ترین کھلاڑی شعیب ملک اور محمد رضوان بیمار پڑ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک اور محمد رضوان کو نزلے اور بخار کی شکایات ہیں۔ پی سی بی حکام نے طبی خدشات کے پیش نظر دونوں کو کورونا ٹیسٹ کروایا جو منفی آیا ہے۔ تاہم دونوں کھلاڑیوں کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ خیال رہے کہ آج ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تاہم بیماری کی وجہ سے شعیب اور رضوان کی شرکت مشکوک قرار دی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی پوری کوشش ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی صحت بحال کی جائے کیونکہ اس اہم میچ میں ان کی شرکت بہت ضرور ہے۔ تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو سرفراز احمد اور حیدر علی کو ٹیم میں شامل کر لیا جائے گا۔ ڈاکٹروں نے دونوں کھلاڑیوں کو تین روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی ٹیم پریکٹس کے دوران بھی شعیب ملک اور محمد رضوان موجود نہیں تھے۔ میچ سے قبل ان کا فٹنس ٹیسٹ لازمی ہوگا کیونکہ ان فٹ ہونے کی صورت میں انہیں کھلانا زیادہ مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ تاہم پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی طبیعت فی الحال ایسی نہیں ہے کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف سیمی فائنل میں شرکت نہ کر سکیں۔
دوسری جانب لیجنڈ بائولر شعیب اختر نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ خبریں پریشان کن ہیں کہ پاکستانی ٹیم کے اہم کھلاڑی محمد رضوان اور شعیب ملک بیمار ہو گئے ہیں۔ شعیب اختر نے ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ دونوں قومی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی ہیں۔ ان کی صحت کو بحال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انھیں ڈرپیں لگائیں اور ٹیکے ٹھوکیں لیکن اس قابل بنائیں کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف آج ہونے والا سیمی فائنل ضرور کھیل سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شعیب اور رضوان مکمل طور پر صحتیاب ہونے کیلئے دوائیاں اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنا ہماری قوم کا مورال بلند کرنے کیلئے بہت اہم ہے۔

Watch Live Public News