کورونا وائرس افسردگی، ڈیمینشیا اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے

کورونا وائرس افسردگی، ڈیمینشیا اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے

نئی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کووڈ ۔19 افسردگی ، ڈیمینشیا اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ محققین نے پتہ چلایا ہے کہ جن لوگوں کو کووڈ ۔19 ہوا ہے ان میں ڈپریشن، ڈیمینشیااور اسٹروک ہونے کا زیادہ امکان ہے۔

محققین کے مطابق کووڈ انفیکشن کی پہلی لہر میں مبتلا افراد میں سے ایک تہائی یا تو نفسیاتی یا اعصابی حالات میں مبتلا ہو گئے تھے یا ان کے ساتھ ایسے معاملات ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد جنہیں اسپتالوں یا انتہائی نگہداشت میں منتقل کیا گیا تھا، ان میں خطرہ زیادہ ہے۔

برطانیہ میں سائنس دانوں نے پچاس لاکھ سے زیادہ مریضوں کے الیکٹرانک طبی ریکارڈوں کی جانچ کی، ان میں نفسیاتی امراض کے خدشے کو دیکھا گیا۔ محققین نے واضح کیا کہ کووڈ ۔19 والے لوگوں میں پریشانی اور مزاج کی خرابی سب سے عام تشخیص تھی، اور یہ زیادہ تر شدید بیماری کا سامنا کرنے یا انہیں اسپتال لے جانے کے دباؤ کی وجہ سے ہوا تھا۔

اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ فالج اور ڈیمینشیا جیسے حالات وائرس کے حیاتیاتی اثرات یا جسم میں عام طور پر انفیکشن کے رد عمل کی وجہ سے تھے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے محققین نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کووڈ سانس کی دیگر بیماریوں سے زیادہ دماغ کے بعد کے حالات سے جڑا ہوا ہے۔ دیکھا گیا کہ کووڈ میں مبتلا افراد میں سانس کے دوسرے انفیکشن کے مقابلے میں ذہنی یا اعصابی اضطراب ہونے کا امکان 16 فیصد زیادہ ہے. موڈ، اضطراب اور نفسیاتی امراض نے مجموعی طور پر 24 فیصد مریضوں کو متاثر کیا جبکہ انتہائی نگہداشت رہنے والے 28 فیصد مریض اس سے متاثر ہوئے۔

برطانیہ میں الزائمر ریسرچ سینٹر میں ریسرچ کی سربراہ سارہ امارکییو نے کہا کہ پچھلے مطالعات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ڈیمنشیا میں مبتلا افراد کو کووڈ -19 وائرس ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے نیورو سائنس کے پروفیسر مسعود حسین نے وضاحت کی کہ اس بات کے ثبوت موجود ہیں کہ وائرس دماغ پر اثر کرتا ہے اور اسے براہ راست نقصان پہنچاتا ہے۔ اس کے دوسرے بالواسطہ اثرات بھی ہو سکتے ہیں، جیسا کہ خون کا جمنا فالج کا باعث بن سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جب جسم میں انفیکشن کا رد عمل ہوتا ہے تو عام سوزش دماغ کو متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کورونا وائرس کی تشخیص نہ صرف سانس کی علامات سے وابستہ ہے بلکہ نفسیاتی اور اعصابی مسائل سے بھی وابستہ ہے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔