ڈیرہ اسماعیل خان(ویب ڈیسک ) ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا راکٹ حملہ اور فائرنگ سے پانچ پولیس اہلکار شہید اور چار زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او شامل ہیں ۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کرا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں پولیس کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے راکٹ حملہ کردیا گیا، جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید اور چار زخمی ہوگئے، گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب اور پولیس کی کثیر تعداد پر مشتمل نفری علاقے میں پہنچ گئی، سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکاروں کی شناخت عبدالرحمان، کامران، جمشید، نیاز علی اور منور کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں ڈی ایس پی فضل سبحان، عمران، جمشید اور یحییٰ بن اکبر شامل ہیں. پولیس کے مطابق ڈی ایس پی فضل سبحان کلاچی سے واپس جارہے تھے کہ دہشت گردوں نے پہلے راکٹ حملہ اوربعد میں فائرنگ شروع کردی، اس واقعے میں شہید اہلکاروں کے جسدے خاکی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ۔